God's promise of children to Abraham | Daily Bible Story In Urdu
![]() |
Children of Abraham are like the stars of sky |
خُدا کا ابراہام سے اولاد وعدہ
لوط نے يردن کا سر سبز و شاداب میدان چن لیا۔اُس نے اپنے چچا کو چھوڑ دیا کہ بنجر اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں گھومتا پھرے۔ بہترین علاقہ چن لینے کے باوجود بہت جلد مصیبت میں پھنس گیا۔ وہ ایک شہر سدوم میں جا بسا۔ نزدیکی شہروں کے درمیان جنگ چھڑ گئی۔ ایک سردار نے سدوم پر حملہ کیا اور وہاں کے لوگوں کے ساتھ لوط کو اور اُس کے خاندان کو بھی قید کر کے لے گیا۔ جب ابراہام کو خبر ہوئی تو وہ جلدی سے اپنے نوکروں کا دستہ لے کے نکلا اور لوط کو چھڑا لایا۔ ابراہام نے جن سرداروں کی مدد کی تھی اُن سے کوئی نذرانہ یا اجرت لینے سے انکار کر دیا۔ لیکن خُدا نے ایک دفعہ پھر ابراہام سے کلام کیا اور کہا:"اے ابراہام، خوف نہ کر میں تجھے محفوظ رکھوں گا اور بڑا اجر دوں گا۔"
ابراہام نہ دولت چاہتا تھا نہ عزت۔ اُسے اور اس کی بیوی سارہ کو آرزو تھی کہ ہمارا اپنا بچہ ہو، کیونکہ ابھی تک وہ بے اولاد تھے۔ اُس نے بڑی تلخی سے خُدا سے پوچھا:" دولت میرے کس کام آئے گی؟ میرا کوئی بیٹا نہیں جو میری دولت کا وارث ہو۔ میں اور سارہ اب اتنے بوڑھے ہو گئے ہیں کہ اولاد ہونے کی امید نہیں۔ میرے مرنے پر میرا ایک غلام میرا وارث ہو گا۔"
خُدا نے کہا:"اپنے خیمے سے باہر نکل آ اور آسمان کو دیکھ۔"
ابراہام رات کی ٹھنڈی اور خوشگوار ہوا میں خیمے سے باہر آیا۔ مطلع صاف اور آسمان ستاروں سے روشن تھا۔
خُدا نے پوچھا:"کیا تو ان ستاروں کو گن سکتا ہے؟ میں وعدہ کرتا ہوں کہ تیری اولاد آسمان کے ستاروں کی مانند بے شمار ہو گی۔ میں خُدا ہوں جو تجھے اُور سے نکال لایا ہوں۔ میں ہمیشہ تک تیرا اور تیری نسل کا خُدا ہوں گا۔ میں تجھے اور سارہ کو ایک بیٹا عطا کروں گا۔" ابراہام نے خُدا کے وعدوں کا یقین کیا اور پورے دل سے ایمان رکھا کہ خدا اُنہیں پورا کرے گا۔
خُدا خوش ہوا کہ ابراہام نے میرا یقین کیا ہے۔ اُس نے ابراہام کو قبول کیا کہ اُس نے مجھ پر ایمان رکھا۔
0 Comments
Please do not enter any spam link in the comment box.